دبئی: ہیروئن اسمگل کرنے پر پاکستانی کو 15 سال قید

Dubai

Dubai

دبئی (جیوڈیسک) دبئی کی ایک عدالت نے ایک پاکستانی شہری کو ہیروئن اسمگل کرنے کے جرم میں 15 سال کی سزا سنادی جو ایسے بیگوں میں رکھی گئی تھی جن میں قرآن مجید، جائے نماز اور دیگر مذہبی سامان بھی رکھا ہوا تھا۔

تیس سالہ مجرم کے قبضے سے 24 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی جسے پانچ مختلف بیگوں میں رکھا گیا تھا۔ دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے حکام کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے بیگوں کو کھولا تو اس میں سے جائے نماز، تسبیح اور قرآن پاک کی کاپیز کے ساتھ ساتھ منشیات بھی برآمد ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق مجرم پر دو لاکھ درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جبکہ سزا کے خلاف اپیل فائل کرنے کے لیے ان کے پاس 15 دن کی مہلت ہے۔