شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر ضلع میں میونسپل ایمرجنسی کا نفاذ کر کے عملے کی چھٹیاں منسوخ

کراچی : صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر نیلو فر سائیکلون کے پیش نظر طوفان اور برساتی صورتحال سے نمٹنے اور عوام کو بلدیاتی سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے ضلع کورنگی میں میونسپل ایمرجنسی کا نفاذ اور افسران و عملے کی تمام تعطیلات منسوخ کرکے دوران برسات علاقائی مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کے بروت ازالے کے لئے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں رین ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے میونسپل کمشنر مسرور میمن ،سپرٹنڈنگ انجینئر پریم چند اور شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن اسلم پرویز کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے تحت نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر جاری برساتی نالوں کی صفائی کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دوران برسات عوامی سہولیات کی فراہمی اور شاہراہوں گلیوں سے برساتی پانی کی فوری نکاسی کے لئے انتظامات کئے جائیں اس حوالے سے مرتب کئے گئے رین ایمرجنسی ہنگامی پلان پر عمل درآمد کیا جائے۔

برساتی نالوں کی صفائی کے ساتھ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کی حدود میں شاہراہوں پر کھلے مین ہولز کو ڈھکا جائے اور سیوریج فلو کی درستگی کو یقینی بنا یا جائے ایڈمنسٹریٹر ماجد رضا غوری نے ضلع کورنگی بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور تمام اداروں سے باہمی روابط کو استوار کرکے دوران برسات علاقائی مسائل کے حوالے سے سہولیات کے ساتھ کسی بھی ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لئے پیشگی حکمت عملی مرتب کی جائے ایڈ منسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے تمام زونز کو ہدایت کی ہے کہ ریلیف کیمپ اور میڈیکل ایڈ کیمپ کے حوالے سے بھی انتظامات کئے جائیں۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور میمن نے تمام زونز کو ہدایت کی کہ دوران برسات شاہراہوں اور گلیوں سے برساتی پانی کی نکاسی کے لئے مشنری اور عملے کو الرٹ رکھا جائے میونسپل کمشنر نے بتا یا کہ ضلع کورنگی کی حدود میں تمام زونز کے تحت رین ایمرجنسی کا نفاذ عمل میں لاکر عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے کام ہنگامی بنیادوں پر تمام زونز میں جاری ہے انشا اللہ عوام کے تعاون سے طوفان و برسات میں علاقائی مسائل سے پاک معاشرے کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے گا۔

Majid Raza Gori Visit

Majid Raza Gori Visit