لاہور کی خبریں 30/10/2014

Lahore

Lahore

رائو طارق کی قیادت میں پاکستان کسان اتحاد کا وفد آج سکندر بوسن سے ملاقات کرے گا
لاہور (جی پی آئی) پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر رائو طارق اشفاق کی قیادت میں پی کے آئی کا ایک وفد آج (جمعرات) وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی سکندر بوسن سے ملاقات کر کے اپنے وفاقی حکومت سے متعلقہ مطالبا ت کے بارے میں آگاہ کرے گا۔ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میںپارلیمانی سیکرٹری رائو اجمل اور ساہیوال سے رکن قومی اسمبلی چودھری اشرف بھی موجود ہوں گے۔ یہ ملاقات وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید سے کاشتکاروں کے مسائل پر مذاکرات کے بعد وفاقی حکومت کو اپنے مطالبات پیش کرنے کے لئے کی جا رہی ہے۔ رائو طارق اشفاق نے کہا کہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان یکم نومبر سے روئی خریدنا شروع کردے گی ۔وفاقی حکومت سے پاکستان کسان اتحاد کا مطالبہ ہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ اور ٹیوب ویل کے بلوں پر جی ایس ٹی کو ختم کیا جائے، کاشتکار کی مہنگائی نے کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ مگرواپڈا پنا ظالمانہ نظام کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گنے کی فی من قیمت300روپے مقرر کرکے کاشتکاروں کو ریلیف دے ، 180 روپے قبول نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت شوگر مل مالکان سے کاشتکاروں کے گنے کے بقایاجات کی ادائیگی بھی نہیں کرواسکی، جو کہ افسوسنا ک ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھارت کا جنونی ہاتھ نہ روکا گیاتو خطے کا امن تباہ ہو جائے گا،۔ قوم کو بھارت نواز حکمران قبول نہیں ہیں،
لاہور ( جی پی آئی ) پاکستان کونسل آف یوتھ دس محرم کے بعد بھارتی جنگی جنون کے خلاف ”بھارت مردہ باد” مہم چلائے گی۔ مہم کے دوران مختلف شہروں میں بھارت مردہ باد ریلیاں اور کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو خطوط لکھ کر بھارتی دہشت گردی کی طرف متوجہ کیا جائے گا۔ اس بات کا اظہار نجی جامعہ میں پاکستان کونسل آف یوتھ صوبہ پنجاب کے صدر محمد اکرم رضوی ،مرکزی چیئرمین انجینئر سیدحماد حسین،عمر احمد صدیقی،حافظ سرفراز صدیق نے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بھارت سے نفرت اور حکمران محبت کرتے ہیں۔ قوم کو بھارت نواز حکمران قبول نہیں ہیں۔ بھارتی جارحیت مودی اور اوبامہ ملاقات کا نتیجہ ہے۔ بھارت اب سیکولر نہیں انتہاپسند ریاست بن چکا ہے۔ بھارت نے آبی دہشت گردی کے بعد سرحدی دہشت گردی شروع کر رکھی ہے۔ پاکستان کے خلاف بھارت کا جنگی جنون بڑے گیم پلان کا حصہ ہے۔ کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی پاکستان کو دبائو میں لانے کی کوشش ہے۔ بھارتی وزیراعظم مودی کی پہچان مسلم دشمنی ہے۔مقررین نے کہا بھارت کے مکروہ عزائم کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔ بھارت پاکستان کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کا دشمن ہے۔ پاک فوج بھارت کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہندوستانی قوم جن فوجی دستوں پر فخر کرتی ہے وہ پاکستانی فوج کے شیروں کی آواز سے بھی لرزتے ہیں۔ نریندر مودی کو واشنگٹن کے دورے سے جو تھپکی ملی ہے وہ خطے کے امن کو تباہ کر سکتی ہے۔ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ بھارتی جارحیت بڑی جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔ حکومت کے معذرت خواہانہ رویے کی وجہ سے بھارت کو جارحیت کی جرأت ہوئی۔ انتہاپسند بھارتی حکومت سے خیر کی توقع رکھنا حماقت ہے۔ عالمی برادری کی بھارتی جنگی جنون پر خاموشی افسوسناک ہے۔ بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ بھارت نے سرحدی علاقوں میں سویلین آبادی کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ بھارت کا جنونی ہاتھ نہ روکا گیا توخطے کا امن تباہ ہو جائے گا،تقریب میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ بین اقوامی اسلامی یونیورسٹی میں اسرائیلی کلچرل سٹال لگائے جانے کی سازش کو بے نقاب کیا جائے اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں لیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اتحادی جماعتیں ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں متحدہیں، اتحاد باقاعدہ تشکیل نہیں پایا، بشارت جسپال
لاہور ( جی پی آئی ) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر چودھری بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں تمام اتحادی جماعتیں متحد ہیں اور اس اتحاد کو عملی طور پر ہر پاکستانی کے دل کی آواز بنائیں گے ۔ پی ا ے ٹی ضلع بھکر کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے بشارت جسپال نے کہا کہ چاروں جماعتوں کو اتحاد کی شکل دینے کی تجویز زیر غور ہے مگر ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حلقہ پی پی 48۔بھکر کا ضمنی الیکشن پاکستان عوامی تحریک اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار نذر عباس کہاوڑہی جیتیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اب اقتدار ی پارٹیوں سے بیزار ہوچکی ہیں۔ لوگ پوچھتے ہیں کہ ان کے کئے گئے وعدے کیا ہوئے ، بجلی کا مسئلہ حل ہو ا اور نہ ہی مہنگائی کا جن قابوکیا جاسکا ۔ جس کے وعدے اور دعوے مسلم لیگ ن نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بڑے زور و شور سے کئے تھے۔ بشارت جسپال نے کہا کہ پی اے ٹی عوامی قوت بن کر ابھرے گی اور آئین پاکستان پر عملدآمد کو یقینی بنائے گی۔ کھوکھلے دعوے کرنے والوں کی اب باریاںنہیں آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا بلوچ، سندھ کا ہاری، پنجاب کا کسان اور خیبر پختونخواہ کے مزدور کو ہر انتخابات میںاس کی قسمت بدلنے کے خواب دکھائے جاتے ہیں مگر منتخب ہونے والوںکی ہی قسمت بدلتی ہے۔ عوام ویسے کے ویسے ہی رہ جاتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اس روش کو بدلے گی اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے لانگ مارچ اور دھرنے نے جو پیغام انقلاب لوگوں میں پیدا کیا ہے ، اس سے ب ہر گلی محلے میں سے تبدیلی کی آواز آرہی ہے۔ جو عوام کی تقدیر بدل دے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور ( جی پی آئی ) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا کہجماعت اسلامی پاکستان کا مینار پاکستان کے سائے تلے ہونے والا اجتماع عام حاضری کے حوالے سے سب سے بڑا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انھوں نے ضلعی دفتر میں مختلف کمیٹیوں کے ذمہ داران سے ملاقات کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں اس اجتماع عام کی اہمیت اس حوالے سے بہت زیادہ ہے کہ ملک پر بے یقینی کے منحوس بادل منڈلا رہے ہیں۔ آزمائے ہوئے سیاسی مقتدر طبقے بے نقاب اور ناکا م ہورہے ہیں۔ عوام مہنگائی،بے روزگاری،بدامنی، بدترین لوڈشیڈنگ کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے اور آلودہ پانی پینے پر مجبور ہے۔ حکمران شاہانہ طرز حکومت ،اقربا پروری اور کرپشن چھوڑنے کو تیار نہیں۔ ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے۔ بھارتی جارحیت میں مسلسل اضافہ اور غیر ملکی مداخلت میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جبکہ ہمارے حکمران بھارت نوازی اور اس سے دوستی کی پینگیں چڑھانے کے ایجنڈے پر مسلسل عمل کررہے ہیں۔ ان مایوس کن حالات میں جماعت اسلامی پاکستان کا یہ اجتماع عام ملک کو ہر طرح کی افراتفری اورحالیہ سیاسی بحران سے نکالنے میں مدد گار ثابت ہوگا اور اس اجتماع عام میں لاکھوں مردوخواتین شرکت کریں گے۔