آپریشن ضرب عضب کے باعث محرم میں شدید سکیورٹی خدشات ہیں، گورنر سندھ

 Ishrat Ul Ebad Khan

Ishrat Ul Ebad Khan

کراچی (جیوڈیسک) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کی وجہ سےمحرم میں سکیورٹی کے خدشات پہلے سے کہیں زیادہ ہیں۔

گورنر ہاؤس میں ڈاکٹر عشرت العباد خان کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ڈی جی رینجرز بلال اکبر اور آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی، اس موقع پر شہر بھر کی سکیورٹی کا خصوصی جائزہ لیا گیا جب کہ محرم الحرام میں سکیورٹی خدشات اور ان سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس اداروں نے دہشت گردی کے بڑے منصوبوں کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے لہٰذا محرم الحرام میں جلوس اور مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کی وجہ سے اس بار محرم میں سکیورٹی کے خدشات پہلے سے کہیں زیادہ ہیں۔