بھارت لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے سلسلہ کو جاری رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، حنیف طیب

Karachi

Karachi

کراچی : نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیز کاروائیاں اور مسلسل فائرنگ کے سلسلہ کو جاری رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہیں انہوں نے کشمیر کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور انکے حق خود داریت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش کو کمزوری پر محمول نہیں کیا جانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظام مصطفی پارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں شبیر احمد قاضی ، الحاج محمد رفیع ،غلام حسین پیر زادہ ، صاحبزادہ سعید امینی ایڈووکیٹ ، سید ارشد عقیل ،مولانا ریاض الدین قادری ، سید محمد حنیف بخاری و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ حاجی محمد حنیف طیب نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جموں کشمیرمیں ہونے والے نام نہادریاستی انتخابات نہیں بلکہ استصواب رائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مطابق انتخابات کروائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام مسلمانوں کے لئے انتہائی احترام کا مہینہ ہے یہ مہینہ نہ صرف اسلامی سال کا آغاز ہے بلکہ اس ماہ نواسہ رسول ۖ اور اہل بیت کی جانب سے دی جانے والی قربانیاں ہمیں رواداری ، برداشت اور حق گوئی کا سبق دیتی ہے۔

محرم الحرام کا تقدس برقرار رکھنے کیلئے علماء کرام فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھیں۔ علماء و خطباء دشمنوں کی سازش کا سدباب کرنے کیلئے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں۔اجلاس سے کراچی کے صدر غلام حسین پیر زادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعة المبارک کو یوم یکجہتی و امن کے طورپر منایا جائے انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ انتظامیہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔حساس مقامات کے ساتھ ساتھ ان علاقوں میں کڑی نظر رکھی جائے جہاں شرپسندعناصر اپنے عزائم پر عملدرآمد کیلئے سیکیورٹی کے مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔