ابوظہبی (جیوڈیسک) پاکستانی بلے بازوں نے ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز 304 رنز کے ساتھ اننگ کا آغاز کر دیا، یونس خان اور اظہر علی سنچریوں کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستانی بلے بازوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے شائقین کے دل خوش کر دئیے۔ ابوظہبی میں جاری سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے کافی مفید ثابت ہوا۔ اوپنرز احمد شہزاد کے 35 اور محمد حفیظ کے 45 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد یونس خان اور اظہر علی کی شراکت نے ٹیم کی پوزیشن بہتر بنائی۔
دونوں بلے بازوں کے سامنے کینگرو بولرز مکمل بے بس نظر آئے۔ سابق کپتان یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف مسلسل تیسری سنچری داغ ڈالی، یونس خان کی ریکارڈ ستائیسویں سنچری کے بعد اظہر علی بھی کیرئر کی چھٹی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
دونوں بیٹسمین کے مشترکہ 208 رنز نے دن کے اختتام پر ٹوٹل کو دو وکٹ پر تین سو چار تک پہنچا دیا، یونس خان 111 اور اظہر علی 101 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔