لاہور (جیوڈیسک) ریلوے انتظامیہ نے گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کے لیے 4 سپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلی سپیشل ٹرین آج لاڑکانہ سے رات 10 بجے روانہ ہوکر کل 3 بجے سہ پہر ننکانہ صاحب پہنچے گی۔ دوسری ٹرین کل حیدرآباد سے دن 11 بجے روانہ ہو کر اگلے روز 7 بجے صبح ننکانہ صاحب پہنچے گی۔ تیسری ٹرین کل جیکب آباد سے دوپہر ایک بجے روانہ ہو کر اگلے روز شام 5 بج کر 15 منٹ پر ننکانہ پہنچے گی۔
چوتھی ٹرین میر پور خاص سے کل دوپہر 2 بجے روانہ ہو کر اگلے روز سہ پہر 4 بج کر 30 منٹ پر ننکانہ پہنچے گی۔ واپسی کے لیے ننکانہ سے پہلی ٹرین 7 نومبر کو دن 11 بجکر 30 منٹ پر لاڑکانہ کے لیے، دوسری ٹرین دن 12 بجکر 30 منٹ پر حیدرآباد کیلئے، تیسری ٹرین دوپہر ایک بجکر 30 منٹ پر جیکب آباد کے لیے اور چوتھی سپیشل ٹرین ننکانہ سے دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر میر پور خاص کے لیے روانہ ہوگی۔
دریں اثنا بھارت سے آنیوالے سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے تین سکھ سپیشل ٹرینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہر ٹرین کے ساتھ سکیورٹی کیلئے ڈی ایس پی کی سربراہی میں بھاری تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جس میں کمانڈوز اور لیڈی کمانڈوز بھی شامل ہیں۔