کراچی حصص مارکیٹ، 30300 پوائنٹس کی حدعبور

Stock Market

Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی کے بعض مثبت فیصلوں کے اثرات کراچی اسٹاک ایکس چینج کی سرگرمیوں پرجمعہ کو بھی مرتب ہوئے۔ آئل مارکیٹنگ اور آٹوموبائل سیکٹرکی کمپنیوں میں خریداری لہر بڑھنے سے مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل قائم رہا۔

جس سے انڈیکس کی 30300 پوائنٹس کی حد عبور ہوگئی، 54 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 31 ارب 99 کروڑ 63 لاکھ 48 ہزار278 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں۔

انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 35 لاکھ 64 ہزار 303 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے 19 لاکھ 66 ہزار 164 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے 12 لاکھ 60 ہزار 61 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے 3 لاکھ 38 ہزار 78 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔

تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 172.44 پوائنٹس کے اضافے سے 30376.53 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 108.05 پوائنٹس کے اضافے سے 20104.82 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 110.54 پوائنٹس کے اضافے سے 22269.40 ہو گیا۔

کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 7.16 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر14 کروڑ8 لاکھ 56 ہزار830 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 371 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 200 کے بھائو میں اضافہ، 157 کے داموں میں کمی اور 14 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔