بھمبر کی خبریں 1/11/2014

بھمبر (ڈسٹر کٹ رپورٹر) آزادکشمیر کے قائمقام وزیر اعظم چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بھمبر میں مزید 50 بستروں کا اضافہ کیا جائے گا جبکہ تحصیل ہیڈکوارٹربرنالہ ہسپتال کی بھی اپ گریڈیشن کریں گے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بھمبر کی رابطہ سڑکوں کو پختہ کیا جائے گا جبکہ دونوں ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ کے لیے جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ ہیلتھ سروسز آزادکشمیر تمام ضروری اقدامات کرے ان خیالات کااظہارانھوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال بھمبر اور تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال برنالہ کے دورہ کے موقع پرمحکمہ صحت کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مشیر وزیر اعظم راجہ مبشر اعجاز خان ، ڈپٹی کمشنر مرزا ارشد جرال ، ایس ایس پی چوہدری منیر حسین، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز آزادکشمیر سردار محمود احمدخان، ایڈمنسٹریٹرضلع کونسل چوہدری ولید اشرف، ایڈمنسٹریٹربلدیہ چوہدری محمد فیاض،ڈی ایچ او ڈاکٹر طارق محمود ، ایم ایس ڈاکٹر محمد اقبال، ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سجاد بٹ، ایکسین تعمیرات عامہ شاہرات ندیم اقبال، ایکسین تعمیرات عامہ بلڈنگ طاہر محمود بٹ، ایکسین پبلک ہیلتھ چوہدری ظہیراحمد، ڈی ایف او عمران شفیع،ایکسین برقیات راجہ عمرحیات کے علاوہ دیگرمحکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرمحمداقبال نے وزیراعظم کو ہسپتال کے بارے میں اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات ومراعات کے بارے میں بریفنگ د ی اور جملہ مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ قائمقام وزیراعظم چوہدری پرویز اشرف نے ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سروسز آزادکشمیرکو ہدایت کی کہ وہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال میں 50 مزید بستروں کے اضافے کے لیے پی سی ون تیارکریںاور ہسپتال کو جدید طبی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے مشنری اور دیگرسہولیات فراہم کی جائیں۔ قائمقام وزیراعظم نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال برنالہ کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال کا معائنہ کیااور ہسپتال کے متعلق ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر (ڈسٹر کٹ رپورٹر) آزادکشمیر کے قائمقام وزیر اعظم چوہدری پرویز اشرف نے پولیس لائن بھمبر کا دورہ کیا ۔ قائمقام وزیر اعظم جب پولیس لائن پہنچے تو پولیس کے چاک چوبند دستہ نے انھیں سلامی دی اور مارچ پاسٹ کیا ۔ قائمقام وزیر اعظم نے پولیس پریڈ کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر مشیرحکومت راجہ مبشراعجاز، ڈپٹی کمشنر مرزاارشد جرال بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی چوہدری منیر حسین نے انھیں پولیس کے متعلق بریفنگ دی اور بعض مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔ قائمقام وزیر اعظم نے پولیس کے جملہ مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بھمبر (ڈسٹر کٹ رپورٹر) آزادکشمیر کے قائمقام وزیر اعظم چوہدری پرویز اشرف نے کہاہے کہ بابائے صحافت آزادکشمیر کی بزرگ صحافی الحاج منظور قریشی کی وفات سے آزادکشمیر میں باوقار صحافت کا ایک باب ختم ہو گیا ہے۔ وہ جتنے عظیم قلم کار تھے اس سے بڑھ کرانھوں نے ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے قلمی جہدوجہد کی اور تحریک آزادکشمیر کو قومی اخبارات کے ذریعے اجاگر کیا۔ ان کی ساری زندگی علم و دانش کے گرد گھومتی رہی وہ اپنے پیشہ میں نہایت ہی دیانتدار،ایماندار اور سچائی کے امین تھے۔حق اور سچ کے لیے ان کی قلم نہیں رکتی تھی ۔ معاشرتی برائیوں کے تدارک کے لیے ان کا قلمی کردار بھی بڑا اہم ہے ان کی وفات سے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری ریاست کی صحافتی برادری میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے۔ انھیں پوری ریاست کے عوام اور حکومت آزادکشمیرجتنابھی ہدیہ تبریک پیش کر ے کم ہے ان جیسے انسان صدیوں بعد کسی معاشرے میں پیدا ہوتے ہیں ان خیالات کا اظہار انھوںنے آزادکشمیر کے ممتاز بزرگ صحافی الحاج منظور قریشی کی وفات پر اپنے تعزیتی پیغام میں کیا انھوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور سوگوارخاندان سے اظہار تعزیت کیا۔

Chaudhry Pervez Ashraf

Chaudhry Pervez Ashraf