افریقی ملک برکینا فاسو میں فوج نے حکومت کا تختہ الٹ دیا

Burkina Faso

Burkina Faso

اواگیڈوگو (جیوڈیسک) برکینا فاسو میں 27 سال سے اقتدار میں رہنے والے صدر کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر احتجاج کر رہے تھے جبکہ دارالحکومت میں پرتشدد واقعات کے بعد فوج نے صدر بلیسی کمپور کو برطرف کرتے ہوئے حکومت کا تختہ الٹ دیا۔

فوجی سربراہ کرنل بوریما فارٹا نے آرمی ہیڈکوارٹر کے باہر موجود ہزاروں افراد کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صدر بلیسی کمپور اب مزید اقتدار میں نہیں رہ سکتے جبکہ فوج نے حکومتی معاملات عارضی طور پر اپنے ہاتھ میں لے لئے ہیں۔

دوسری جانب یورپی یونین کا کہنا ہے کہ برکینا فاسو کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہونا چاہئے جب کہ آئندہ کیا جانے والا فیصلہ اتفاق رائے اور قانون کے مطابق ہونا چاہئے۔

واضح رہے کہ برکینا فاسو کے صدر بلیسی کمپور گزشتہ 27 سال سے حکومت کر رہے تھے اور ایک مرتبہ پھر آئین میں ترمیم کے ذریعے 2015 میں نئی حکومت کے قیام تک اقتدار میں رہنا چاہتے تھے جس کے خلاف ملک بھر میں گزشتہ کئی روز سے احتجاج جاری تھا۔ گزشتہ روز مشتعل مظاہرین نے پارلیمنٹ کی عمارت کو نذر آتش کر دیا تھا۔