نماز کی ادائیگی میں سستی تشویشناک امر ہے، علامہ محمد الیاس قادری

Allama Mohammad Ilyas Qadri

Allama Mohammad Ilyas Qadri

گجرات : امیر اہلسنت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ ہر عاقل وبالغ مسلمان مرد عورت پر پانچ وقت کی نماز فرض ہے جو لوگ نماز وں کی ادائیگی میں غفلت کے مرتکب ہیں نماز قضا کرتے یا بالکل نماز ہی نہیں پڑھتے وہ گنہگار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں مدنی مذاکرے کے دوران ایک سوال کے جواب میں کیا ۔انہوںنے کہا کہ یقینا نماز نہ پڑھنا یا اس معاملے میں سستی برتنا تشویشناک امر ہے اس عمل سے اللہ عزوجل ورسول ۖ ناراض ہوتے ہیں جان بوجھ کر ایک نماز قضا کرنے کی سزامیں ہزاروں سال جہنم کی ہولناک آگ میں جلنا پڑے گا اورجہنم کی آگ اس قدر شدید ہے کہ کسی سے ایک لمحہ بھی برداشت نہیں ہوسکتی لہٰذا اب تک جن لوگوںسے نماز قضا ہوئی یا جو نماز ترک کرتے ہیں وہ اللہ عزوجل کی بارگاہ میں صدق دل سے توبہ کرلیں جتنی نمازیں چھوڑی ان سب کی ادائیگی کا اہتمام بھی کریں۔انہوں نے کہا کہ نماز کا شوق پیدا کرنے کیلئے نماز پڑھنے کے فضائل پر مبنی کتب کا مطالعہ کریں اورنماز قضا کردینے یا ترک کرنے پر دنیا وآخرت کی سزائوں کے بارے میں علم حاصل کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نماز دین اسلام کا ستون اور ہمارے پیارے آقا ۖ کی سنت ہے اس بات سے واقفیت ہونے کے باوجود مسلمانوں کی اکثریت نمازوں کے اہتمام سے دور ہے۔افسوس ہماری مساجد ویران رہتی ہیں ۔ہمارے ملک میں مسلمانوں کی کثرت کے باوجود آباد کے تناسب سے نمازیوں کی تعداد بہت کم نظر آتی ہے خاص طور پر نماز فجر میں تو یہ تعداد بتدریج کم ہوجاتی ہے۔

امیر اہلسنت نے کہا کہ باب الاسلام سندھ میں مسلمانوں کی آبادی کے باوجود بعض مساجد پر تالے پڑے ہوتے ہیں۔مدنی مذاکرے کے دوران امیر اہلسنت نے شرکاء کو سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ عطاریہ میں بیعت کیا۔اس موقع پر مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری، اراکین شوریٰ اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔