ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیش میں بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث ملک کا آدھے سے زیادہ حصہ بجلی سے محروم ہو گیا تاہم کئی گھنٹوں کے بعد صرف دارالحکومت ڈھاکہ کے چند علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکا ہے۔
بنگلہ دیش کی وزارت پانی بجلی کے سینئر افسر نے بتایا کہ دن کے اوقات میں نیشنل گرڈ اسٹیشن میں خرابی کے باعث تمام پاور جنریشن اسٹیشن بند ہو گئے اور ملک کا بیشتر حصہ تاریکی میں ڈوب گیا تاہم بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد فوری طورپر بحالی کے کام شروع کر دیئے گئے جس سے ڈھاکا کے کچھ علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے جبکہ دیگر شہروں میں بھی جلد ہی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنا دیا جائے گا۔
حکام کا کہناہےکہ 2007 میں خوفناک طوفان کے باعث ملک میں بجلی کے بڑا بریک ڈاؤن کے بعد یہ دوسرا واقعہ ہے تاہم ہفتے کو جزوی طور پر کاروبار بند ہونے کے باعث صنعتوں پر زیادہ منفی اثرات مرتب نہیں ہوئے جبکہ بربیک ڈاؤن کے باعث اسپتالوں اور ایئرپورٹس پر کام جاری رکھنے کے لیے جنریٹر سے کام لیا جارہا ہے۔
بھارت سے بنگلہ دیش آنے والی بجلی کی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث ملک کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوبا کیونکہ بنگلہ گزشتہ سال سے اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھارت کی ریاست بنگال سے بجلی درآمد کر رہا ہے۔