میرپورخاص : گاڑی پر فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ، 2 زخمی

Mirpurkhas

Mirpurkhas

میرپورخاص (جیوڈیسک) میرپورخاص میں کار پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گاما اسٹیڈیم کے سامنے ایک کار پر 2 مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے کار میں سوار 2 افراد موقع پرجاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت الانو ملاح اور سُنیل سوٹھار کے ناموں سے ہوئی ہے۔

زخمیوں کو میرپورخاص سول اسپتال لایا گیا تاہم تینوں زخمیوں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر حیدرآباد منتقل کیا جارہا تھا اسی دوران راستے میں ایک زخمی محبوب مری دم توڑ گیا۔ فائرنگ سے 3 افراد کے ہلاکت کے بعد شہر میں کشیدگی پھیل گئی ہے اور پولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں کا گشت شروع کر دیا ہے۔