ملکی سیاست کو کنارہ کش کرنے کا ماحول بن رہا ہے : مولانا فضل الرحمٰن

Maulana Fazlur Rehman

Maulana Fazlur Rehman

ڈی آئی خان (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ایسا ماحول بن رہا ہے کہ پوری سیاست کو کنارہ کش کر دیا جائے اور اس کی جگہ عسکریت لے لے۔ وقت آگیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں بیٹھے سیاست دان مل کر اس مسئلے کے بارے میں سوچیں۔

مولانا فضل الرحمن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کہا کہ ملک میں تبدیلیاں آ رہی ہیں، ایسا ماحول بن رہا ہے کہ پوری سیاست کو سائیڈ لائن کر دیا جائے۔ تمام سیاست دانوں کو ملک کر سسٹم کو بچانا ہو گا۔ اصلاحات کرنا ہوں گی۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اُن پر کوئٹہ میں ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات سے حکومت نے ابھی تک آگاہ نہیں کیا ہے، مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وہ جمہوریت اور آئین کو قائم رکھنا چاہتے ہیں، لیکن اصلاحات کی جدوجہد بھی کر رہے ہیں تاکہ اسلامی قانون سازی کی طرف آگے بڑھا جا سکے کوئی ناراض ہو یا خوش ، جے یو آئی نے جو حلف اٹھایا ہے، اس پر پورا اترے گی۔