افغانستان، سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 17 طالبان جنگجو ہلاک، 22 زخمی

Afghan

Afghan

کابل (جیوڈیسک) افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے مختلف صوبوں میں انسداد دہشت گردی آپریشن میں 17 طالبان جنگجو ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے جبکہ 62 خود ساختہ دھماکا خیز آلات ضبط کرلیے گئے، ادھر صوبہ لغمان میں عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

اتوار کو افغان وزارت داخلہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان نیشنل آرمی ، پولیس اور انٹیلی جنس نے صوبہ ننگرہار، لغمان، بدخشان، قندھار، زابل، ارزگان، غزنی ،خوست اور فرح میں مشترکہ آپریشن کیا۔

جس کے دوران ایک عسکریت پسند کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مختلف اقسام کے ہتھیار اور بارودی مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ جنوبی صوبہ ہلمندمیں افغان فورسز نے لشکر گاہ شہر میں کاربم حملے کی سازش کو ناکام بنا

دیا۔صوبائی پولیس چیف کے ترجمان فرید احمد عبید کے مطابق دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی رات گئے لشکرگاہ شہر سے پکڑی گئی۔ صوبہ لغمان حکام کا کہنا ہے کہ ضلع علیشینگ میں ایک راکٹ حملے میں ایک شہری جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔

جبکہ صوبائی گورنر کے ترجمان سرحدی زاک کے مطابق عسکریت پسندوں کی ایک کار پر فائرنگ سے 2 خواتین جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ طالبان سمیت کسی بھی گروپ نے حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی۔