قادری کے بعد عمران کو بھی آخرکار دھرنا ختم کرنا پڑے گا، جاوید ہاشمی

Javed Hashmi

Javed Hashmi

لاہور (جیوڈیسک) (ن) لیگ اور تحریک انصاف کے سابق رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ طاہر القادری کے بعد عمران خان کو بھی آخرکار احتجاجی دھرنا ختم کر نا پڑے گا۔ جمہوریت کے خاتمے اور امپائر کی انگلی کے اشارے کا انتظار کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، ملک میں مارشل لا کا کوئی خطرہ نہیں، وفاقی اور صوبائی حکو متیں مدت پوری کرتیں نظر آرہی ہے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں نے بہت دیرپہلے سے کہہ دیا تھا کہ احتجاجی دھرنوں سے ملکی نظام کی تبدیلی ممکن نہیں ہو سکتی، اس کے لیے پارلیمنٹ میں بات کرنا ہوگی اور طاہر القادری نے احتجاجی دھرنا ختم کر کے موجودہ نظام کے تحت ہی انتخابات میں حصہ لینے کابھی اشارہ دیدیا ہے۔

مجھے لگتا ہے کہ آخرکار عمران خان کوبھی احتجاج دھرنا ختم کر کے پارلیمنٹ میں ہی آکر بات کرنا پڑیگی کیونکہ احتجاجی دھرنوں سے کچھ تبدیل نہیں ہوگا بلکہ عوام مسائل میں اضافہ ہی ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ میں محض سیاسی میدان کا باغی نہیں، خاندانی روایات سے بھی بغاوت کی ہے۔

اور آئندہ بھی ملک اور قوم کیلیے آواز بلند کرتا رہوں گا جس کیلیے ہر قربانی دینے کو تیار ہوں، میں نے مارشل لا کی سازش کو ناکام بناکر جمہوریت کیلیے جو قربانی دی اس کا فیصلہ آنے والے دنوں میں تاریخ خود کرے گی، کچھ حلقوں میں تاثر پایا جاتا ہے ضمنی الیکشن میں ہارجانے کے بعد میرا سیاسی کیریئر ختم ہوچکا لیکن ایسا نہیں ہوسکتا آنے والا وقت بتائے گا کون کیا ہے۔