ابلیسی پیروکاروں نے محرم الحرام میں خون خرابے کا منصوبہ بنالیا ہے:امیر علی پٹی

Muharram

Muharram

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) واقعہ کربلا راہ حق میں کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ اور فسق و فجر کی قوتوں کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے جبکہ حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاءکا کردار اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ اللہ کے نظام سے بغاوت کرنے والوں کیخلاف جدوجہد ہی دراصل ایمان کا بنیادی جز ہے اور ماہ محرم الحرام حسینی کردار کی پیروی کرتے ہوئے رب کے نظام ‘ انصاف ‘ اخوت اور مساوات کے نفاذ کیلئے راہ حق میں ڈٹ جانے اور ظالموں ‘ باطلوں و فاجر وں کیخلاف سینہ سپر ہوجانے کا پیغام تجدید و تقلید لاتا ہے مگر اس مقدس ماہ میں فرعون و یزید کے پیروکار بھی سرگرم ہوکر حسینی پیغام کو سبوتاژ کرنے کیلئے یزیدی کردار اپناتے ہیں اور نہ صرف مذہبی و مسلکی تفاوت و نفرت پھیلانے کیساتھ بد امنی ودہشتگردی کے ذریعے اتحاد امت میں بھی دراڑیں ڈالنے کی سازش کرتے ہیں مگر اللہ رب العزت کے پیغام کو سمجھنے ‘ حب محمد سے لبریز اور آل رسول علی ‘ فاطمہ ‘ حسن و حسین کے مقلد و پیروکار کبھی فرعون ‘یزیدوابلیس کے جھانسے میں نہیں آتے اور اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھتے ہیں۔

محبان وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی والا نے اہل وطن اور امت مسلمہ کو ماہ محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی و مسلکی رواداری قائم رکھنے کا پیغام دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حساس و خفیہ اداروں کیجانب سے محرم الحرام میں دہشتگردی کیلئے بیرون ممالک سے شرپسندوں کے پاکستان میں داخلے کی رپورٹ کے بعد امن قائم رکھنے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی حکومتی و سرکاری ذمہ داری میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور اگر قبل از وقت اطلاعات کے باوجود بھی شرپسندی کے واقعات رونما ہوئے تو یہ حکومتی ناکامی کا ثبوت ہوگا جو یقینا حکومت کے مستقبل کیلئے خطرناک ہوگا کیونکہ بیڈ گورننس کا شکار اورعوام کو ریلیف کی فراہمی میں ناکام صوبائی ومرکزی حکومتوں کیخلاف پہلے ہی عوام میں اشتعال و غصہ ہے جس کی وجہ سے حکومت مخالف تحریک اپنے منطقی انجام کی جانب بڑھ رہی ہے اور حکومت آخری سانسیں گن رہی ہے۔