واہگہ بارڈر دھماکے میں جاں بحق افراد کی میتیں ورثاکےحوالے،ایک بچے کی شناخت نہ ہوسکی

Bodies

Bodies

لاہور (جیوڈیسک) واہگہ بارڈر پر گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی میتیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں ہیں تاہم ایک بچے کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی۔

گزشتہ شام واہگہ بارڈر پر خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 48 میتیں میو اسپتال منتقل کی گئی تھیں جن میں اب تک 44 افراد کی میتیں شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئیں ہیں۔

جبکہ دھماکے کی جگہ سے قریب ہونے کے باعث 3 میتوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا جائے گا، ایک بچے کی لاش کی اب تک شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ جاں بحق ہونے والے 9 افراد ایک ہی خاندان کے فرد تھے جن کا تعلق فیصل آباد کے علاقے سمندری سے ہے۔

واقعے میں لاہور ہی کے علاقے مدینہ کالونی کے ایک خاندان کے 5 افراد بھی جاں بحق ہوئے ہیں، اس کے علاوہ 3 افراد کی میتیں کراچی اور 3 کی میتیں پشاور منتقل کردی گئی ہیں جہاں ان کی تدفین کی جارہی ہے۔ دوسری جانب اس وقت سروسز اسپتال میں 56، جناح اسپتال میں 8، جنرل اسپتال میں 12 اور میو اسپتال میں 32 زخمی زیر علاج ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔