250 کروڑ زرِ تلافی دو، بھارت نے ویسٹ انڈیز کے چہرے پر نوٹس دے مارا

West Indies

West Indies

ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کو کوڑی کوڑی کا محتاج بنانے کا فیصلہ کر لیا، ٹور ادھورا چھوڑنے پر چہرے پر250 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس دے مارا، نقصان 15 دن میں پورا نہیں کیا تو بھارت کی کسی عدالت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری سنجے پٹیل کہتے ہیں کہ ہمیں اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ کیریبیئن بورڈ کہاں سے رقم پوری کرتا ہے، کیا انھوں نے ہم سے پوچھ کر ٹور کینسل کیا تھا؟ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈین کھلاڑیوں نے بورڈ سے تنازع کی وجہ سے جب چوتھے ون ڈے کے بعد بھارتی دورہ ادھورا چھوڑا تھا تو اسی وقت بی سی سی آئی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ وہ کیریبیئن بورڈ کو اس کا مزہ چکھائے گا، اب اپنی اس دھمکی کو عملی جامہ پہناتے ہوئے انھیں 250 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا نوٹس بھیج دیا گیااور اس کے لیے صرف 15 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز پہلے ہی شدید مالی مسائل سے دوچار اور اس کا شمار ٹیسٹ کھیلنے والے غریب ترین بورڈز میں شمار ہوتا ہے،اس کیلیے اتنی بڑی رقم بی سی سی آئی کو ادا کرنا کافی مشکل ہوگا۔

اس سے وہ کوڑی کوڑی کا محتاج ہوجائے گالیکن اس بات کی بی سی سی آئی کو کوئی پروا نہیں ہے۔ ویسٹ انڈیز نے اس ٹور میں ایک ون ڈے ، ایک ٹوئنٹی 20 اور 3 ٹیسٹ میچز نہیں کھیلے تھے، بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ کیریبیئن ٹیم کی اس حرکت سے انھیں میڈیا رائٹس، ٹائٹل، ٹیم، کٹ ، ٹکٹ اور اسٹیڈیم کے اندر اسپانسر شپ کی مد میں کئی ملین روپے کا نقصان ہوا۔ سیکریٹری بی سی سی آئی سنجے پٹیل نے ویسٹ انڈین بورڈ کے صدر ڈیو کیمرون کو خط میں نقصان کی تفصیل لکھنے اور اسے 15 دن کے اندر ادا کرنے کو کہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس خط کر نوٹس سمجھا جائے، اگر یہ ہرجانہ ادا نہ کیاگیا تو پھر ہم بھارت کی کسی اعلیٰ عدالت میں کیریبیئن بورڈ کے خلاف قانونی کارروائی کے آغاز کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انھوں نے ساتھ میں یہ بھی لکھا کہ ہم نے ٹور جاری رکھنے کے عوض انھیں ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی اس لیے یہ ہمارا درد سر نہیں کہ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کس طرح اس رقم کا انتظام کرتا ہے، انھیں ہمیں ہر صورت یہ رقم مقررہ مدت میں ادا کرنی ہے، ویسے بھی انھوں نے جب ٹور ختم کیا تو کیا ہم سے پوچھا تھا؟۔