کراچی :حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہاکہ کربلا معلی میں امام حسین اور ان کے رفقاء کی قربانیوں سے اسلام تاقیامت تک زندہ ہوگیا امام عالی مقام حضرت امام حسین نے ظالم و باطل حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کی جو روایت قائم کی وہ مظلوم طبقے کے لئے مشعل راہ بن گئی ہے اور یہ روایت ظلم کے خلاف قیامت تک چلتی رہے گی واقعہ کربلا صبر و برداشت کا درس دیتا ہے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے حق پرست اراکین اسمبلی ارتضیٰ فاروقی اور نشاط ضیاء قادری کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں عشرہ محرم کے حوالے سے برآمد ہونے والے ماتمی جلوسوں میں شرکت کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی نے منتظمین اور عزادار تنظیموں کے ذمہ دران سے ملاقات کی اور اُن سے قیام امن فرقہ ورانہ ہم آہنگی اتحاد و بھائی چاگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ اتحاد و بھائی چارگی کی فضا قائم کرکے اور متحد ہوکر ہی ہم دہشت گردی ،انتہا پسندی کو شکست دے سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ اسلام امن ،محبت اور سلامتی کا مذہب ہے دین اسلام میں تفرقہ فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی ارتضیٰ فاروقی اور نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ امام حسین کی کربلا میں قربانی رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیگی واقعہ کربلا حق اور باطل کے درمیان معرکہ تھا امام حسین نے یذید کے سامنے سر نہ جھکا کر قیامت تک دین اسلام کو محفوظ کر دیا۔