جماعت اسلامی کا اجتماع عام ملکی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ عابد میر

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

لاہور : صدر شباب ملی لاہور عابد میر نے مینار پاکستان میں امیر جماعت اسلامی میاں مقصود احمد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا اجتماع عام ملکی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہو گا۔

اجتماع عام میں شباب ملی کے کارکن اور نوجوان بہت بڑی تعداد میں شرکت کرکے ایک نئی تاریخ رقم کردینگے جس کے بعد سامراجی نظام کا خاتمہ ہوجائے گا، اُنہوں نے کہا کہ شباب ملی لاہور میں 100 سے زائد جگہ پر اجتماع عام کے حوالے سے کیمپ لگائے گی اور نوجوان کو متحد کرے گی۔

عابد میر نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کااثاثہ ہیں، نوجوانوں کو حکومت پاکستان کی طرف سے سہولیات میسر نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے وہ مایوسی کا شکار ہورہے ہیں، اس وقت ملک میں بیروزگاری کا مسئلہ ہے اور تعلیم بہت مہنگی ہوگئی ہے۔

نوجوانوں کو نام نہاد قرضے سود کی بنیاد پر دیئے جارہے ہیں جو اسلامی معاشرے میں ایک ناسور اور نوجوانوں کو مقروض کرنے کے مصادق ہے، کچھ سیاستدان نوجوانوں کے مسائل کا نام لیکر اُن کو استعمال کرنا چارہے ہیں حالانکہ اُن کی کارکردگی اس معاملے میں صفر رہی ہے۔

اجتماع عام میں نوجوانوں کو درپیش مسائل کی بھی بات کی جائے تاکہ حکمرانوں کو پتا چل جائے اگر نوجوانوں کو اُن کے حقوق نہ ملے تو اُن کی حکمرانی زیادہ دیر نہیں رہے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو سزائے موت دینا کھلی دہشت گردی ہے اس حوالے سے حکومت پاکستان کو آواز اُٹھانی چاہئے تھی پر اُن کی خاموشی سے لگتا ہے کہ پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والوں کیلئے اُن کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں۔

جماعت اسلامی ہی واحد پارٹی ہے جو ہمیشہ ملک کیلئے قربانیاں دیتی آئی ہے اور جمہوریت کی بقاء اور عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہے ، اور بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو سزائے موت دینے سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے ، ہم پوری دنیا میں انصاف کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

علاوہ ازیں عابد میر نے لاہور وہاگہ بارڈر پر دھماکے کی شدید مذمت کی، شہید ہونے والے افراد کیلئے دُعائے مغفرت کی اور زخمیوں کیلئے جلد صحت یابی کی دُعا کی اور کہا کہ اسلام معصوم لوگوں کی جان لینا کا درس نہیں دیتا جو لوگ میں اس میں ملوث ہیں حکومت کو اُن کو بے نقاب کرے اور اُن کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے تاکہ ملک میں جلد امن قائم ہو سکے۔