لندن (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان نے سوشل میڈیا پر خانہ جنگی کے شکار ملک شام کے لاکھوں بچوں کیلیے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کر دی۔
یونیسیف کی سفیر جمائما خان عطیات جمع کرنے کی مہم میں اپنی سوشل میڈیا کی مہارتوں کو بروئے کار لا رہی ہیں، جمائما خان کی اقوام متحدہ کے حقوق اطفال کے ادارے کیلیے مہم سے 30 کروڑ سے زیادہ افراد آگاہ ہو چکے ہیں، 40 سالہ جمائما خان نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ اس مہم میں ہرکوئی حصہ لے۔
انھوں نے ایک انٹرویومیں کہا کہ جب تک غیر نمایاں شخصیات بھی اس مہم میں حصہ نہیں لیتی ہیں تو اس وقت تک یہ مہم کامیاب نہیں ہوگی۔ یونیسیف کے مطابق شام میں جاری خانہ جنگی سے 65 لاکھ بچے متاثر ہوئے ہیں اور انھیں فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے۔