بغداد (جیوڈیسک) عراق میں یوم عاشور پر دہشت گرد تنظیم داعش کی جانب سے حملوں کے خطرے کے پیش نظر کربلا سمیت ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ عراق میں آج یوم عاشور کے موقع پر کربلا میں لاکھوں زائرین کی آمد متوقع ہے۔
سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں ہائی الرٹ ہے اور ہزاروں اہلکار سکیورٹی پر مامور ہیں جبکہ دارالحکومت بغداد کے اطراف میں 100 کلومیٹر تک کے علاقے کی سخت نگرانی کی جارہی ہے۔
کربلا میں 26 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات میں جن میں 1500 خواتین پولیس اہلکار شامل ہیں،، ہیلی کاپٹروں سے زائرین کی نگرانی بھی کی جائے گی۔گزشتہ دنوں شدت پسندوں کی جانب سے زائرین کو نشانہ بنانے کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔ بغداد میں متعدد دھماکوں میں 40 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔
اتوار کے روز داعش دہشت گردوں نے صوبہ انبار میں عورتوں اور بچوں سمیت 36 افراد کو قتل کر دیا تھا۔ عراقی حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں داعش نے 322 سے زائد افراد کو قتل کیا ہے۔
دوسری جانب عراقی سکیورٹی فورسز نے امریکی فضائیہ کی مدد سے داعش کے خلاف بڑی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس آپریشن کا مقصد 2015 کے آخر تک موصل اور دیگر شورش زدہ علاقوں سمیت شام کے سرحدی علاقوں پر عراقی حکومت کا دوبارہ کنٹرول قائم کرنا ہے۔