قوم متحد ہوکرپاکستان کو تنگ نظری کاشکار بنانے والی قوتوں کا مقابلہ کرے، بلاول بھٹو زرداری

Bilawal Bhutto Zardari

Bilawal Bhutto Zardari

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور اہل بیت کی عظیم قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، ہمیں باطل قوتوں کے خلاف اعلیٰ قدروں اور حق کے لئے جدوجہد جاری رکھنی چاہئے۔

یوم عاشور کے موقع پر اپنے بیان میں پیغام بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا نے سچائی اور اصولوں کے لئے قربانیاں دینے کی مثال قائم کی ہے۔ یوم عاشور حق اور انصاف کے لئے صبر واستقامت کا درس دیتا ہے۔ قیام پاکستان کا مقصد بھی یہی تھا کہ ان اعلیٰ قدروں کو قائم کیا جائے جس کے لئے نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے قربانیاں دیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنے چھوٹے چھوٹے اختلافات کو بھلا کر ان قوتوں کا مقابلہ کریں جو پاکستان کو تنگ نظری کا شکار بنانا چاہتے ہیں۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے۔

کہ ان کے کردار کو اپنایا جائے اور مصائب کا جرأت سے مقابلہ کیا جائے۔ اس سے ہی ہم نہ صرف اپنی مشکلات پر قابو پاسکتے ہیں بلکہ اسلام کی تعلیمات پر بھی عمل پیرا ہوسکتے ہیں جو دنیا وآخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔