لاہور (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے پیر کے روز کپتان مصباح الحق، ہیڈ کوچ وقار یونس ٹیم مینیجر معین خان اور تمام سپورٹ اسٹاف کو ابو ظہبی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف دو صفر کی فتح پر مبارک باد دی۔ پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین نے مصباح کو فون کرکے اپنے جذبات کو اظہار کیا۔
اعلامیے میں شہریار خان اور مصباح کی گفتگو کا حوالے دیتے ہوئے کہا گیا کہ مصباح کی کپتان میں پاکستانی ٹیم نے مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے آسٹریلیا جیسی بہترین ٹیم کو آؤٹ کلاس کردیا۔ شہریار کے مطابق پاکستانی بیٹنگ نے پوری سیریز کے دوران انتہائی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں خود مصباح اور یونس خان کی کارکردگی بہترین تھی۔
اسکے علاوہ نوجوان کھلاڑی خصوصاً سرفراز احمد، اظہر علی اور احمد شہزاد نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پی سی بی چیئرمین کے مطابق پاکستان کی ناتجربہ کار باؤلنگ نے بھی بہترین کھیل پیش کیا اور اس سے بڑھ کر ہماری فیلڈنگ شاندار رہی۔ شہریار خان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا کو وائٹ واش کرنا ہماری کرکٹ کی تاریخ میں فخر کا باعث رہے گا۔