گجرات : ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ڈپی او رائے اعجاز احمد، اے ڈی سی فاروق رشید سندھو، ڈی او سی شجاع قطب بھٹی، اے سی میاں اقبال مظہر اور پاک فوج کے افسران کے ہمراہ نواں محرم الحرام کو برآمد ہونے والے جلوسوں کی نگرانی کی، روٹس کا معائنہ اور امن کمیٹی کے ممبران سے ملاقات کی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ دیگر افسران کے ہمراہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مجالس اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے ٹی ایم اے آفس میں قائم کنٹرول روم پہنچے اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کے عمل کی نگرانی کی۔ بعد ازاں دیگر افسران کے ہمراہ شادیوال گئے اور نواں محرم الحرام کے سلسلہ میں برآمد ہونے والے ماتمی جلوس کی نگرانی کی۔ روٹس کا معائنہ کیا سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور جلوس کے ساتھ چلتے رہے۔
انہوں نے سیکورٹی اور دیگر انتظامات پر انتظامیہ اور پولیس کے افسران و اہلکاروں اور رضا کاروں کو شاباش دی اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوس میں شرکت کرنے والے افراد کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے جامع سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں میں شامل ہونے والے تمام افراد کی چار مقامات پر تلاشی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ جہاں پولیس کے اہلکاران اور رضا کار تعینات کیے گئے ہیں انہوں نے بتایا کہ مجالس اور جلوس کے روٹس پر بجلی کی بالا تعطل فراہمی کے ساتھ اسٹینڈ بائی جرنیٹرز کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔ جلوس کے راستوں پر تمام دکانیں بند کر دی گئیں ہیں اور چھتوں پر بھی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوںنے بتایا کہ ضلع بھر میں جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد 107کر دی گئی ہے اور ان میں سے 29سی سی ٹی وی کیمرے شادیوال سے برآمد ہونے والے ماتمی جلوس کے روٹس پر لگائے گئے ہیں جن کی بلدیہ آفس میں قائم کنٹرول روم کے ساتھ لاہور میں قائم مرکزی کنٹرول روم میں بھی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے بعد ازاں ٹی ایم اے آفس میں دیگر افسران کے ہمراہ امن کمیٹی کے ممبران پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی ، سید شفاء اللہ شاہ بخاری ، سید الطاف الرحمن ، چوہدری منظور حسین وڑائچ ، سید الطاف عباس کاظمی ،سید سرفراز جعفری ، جواد جعفری ، سوشل ورکر خادم علی خادم ،ڈاکٹر رزاق احمد غفاری، منور کھوکھر ، پی ایس او ندیم بٹ کے ساتھ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مختلف مکاتب فکر کے علماء کی طرف سے ضلع گجرات میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے کیلئے علماء کے کردار کو بے حد سراہا انہوں نے کہا کہ انتظامیہ پولیس اور امن کمیٹی کے ممبران کی بھرپور محنت اور مخلصانہ اقدامات کی وجہ سے ضلع گجرات ایک دفعہ پھر امن کا گہوارہ ثابت ہو رہا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہی جذبہ آج یوم عاشور کے موقع پر بھی برقرار رہے گا ۔ اس موقع ڈی پی او رائے اعجاز احمد نے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ ، پاک فوج کے افسران اور امن کمیٹی کے ممبران کو ضلع بھر میں جامع سیکورٹی انتظامات کے حوالہ سے آگاہ کیا۔