قصور : میاں بیوی کو زندہ جلا دیا گیا، بھٹے کے منشی سمیت 37 افراد گرفتار

kasur

kasur

قصور (جیوڈیسک) قصور کے علاقے کوٹ رادھا کشن میں مشتعل دیہاتیوں نے میاں بیوی کو بھٹے میں پھینک کر زندہ جلا دیا۔ ڈی پی او قصور کے مطابق واقعے میں ملوث 37افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ قصور میں واقعے میں میاں بیوی کو زندہ جلا دیا گیا۔

جلانے والوں میں کوئی ایک نہیں، گاؤں گے متعدد لوگ شامل تھے۔ یہ واقعہ پیش آیا قصور کے علاقے کوٹ رادھا کشن کے چک 59میں، جہاں دوسرے علاقے سے آئے میاں بیوی، ایک بھٹے پر کام کرتے تھے لیکن آج صبح جب شمع اور شہزاد کام پر پہنچے تو بھٹے کے مالک یوسف گجر نے ایڈوانس دی ہوئی رقم کی واپسی کا تقاضا کیا، رقم نہ ملنے پر میاں بیوی پر مختلف الزامات لگا کر ایک کمرے میں بند کر کے لوگوں کو اکھٹا کر لیا اور دونوں کو بھٹے میں پھینک کر زندہ جلا دیا گیا۔

پولیس چوکی فیکٹری ایریا کے 5پولیس اہلکارموقع پر پہنچے بھی تھے مگر مشتعل لوگوں نے انہیں قریب نہ آنے دیا۔ ڈی پی او قصور جواد قمر کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث 37افراد کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ مزید گرفتاریوں کے لیے آپریشن جاری ہے۔ ڈی پی او کے مطابق علاقے میں حالات کشیدہ ہیں جن پر قابو پانے کے لیے لاہور سے پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی ہے، جبکہ مرنے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہیں۔