ننکانہ صاحب (جیوڈیسک) سیکیورٹی اداروں نے سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے یوم پیدائش کے موقع پر ننکانہ صاحب سے 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ گزشتہ روز بھارت سے آنے والے سینکڑوں سکھ یاتری اپنے روحانی پیشوا کے جنم دن کی تقریبات منانے ننکانہ صاحب میں موجود ہیں۔
جن کی سیکیورٹی کے لئے حکومت کی جانب سے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی فورسز نے قریب سے ہی 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش شروع کردی۔
واضح رہے کہ سکھ یاتری گزشتہ روز واہگہ کے راستے بذریعہ ٹرین پاکستان پہنچے ہیں جہاں وہ ننکانہ صاحب میں اپنے روحانی پیشوا کا جنم دن منانے کے بعد 9 نومبر کو گردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچیں گے اور 13 نومبر کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔