اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کو چھ ماہ میں پولیو فری بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیماری کے خلاف جنگ ہر قیمت پر جیتی جائے گا۔
قومی ٹاسک فورس برائے انسدادِ پولیو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے پولیو کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پاکستان کا ہربچہ اُنہیں عزیز ہے اور وہ کسی کو اپاہج نہیں دیکھ سکتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں انسداد پولیو مہم بہت مشکل حالات میں چل رہی ہے اوراس کے دوران کئی پولیو ورکرز کو نشانہ بنایا گیا، تاہم اب ملک کے ہربچے کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔
وزیراعظم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور وہ خود انسدادِ پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے آج چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے ملاقات کی، جس میں انسدادِ پولیو سمیت ملک کی سیاسی صورتحال اور اہم قومی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔