وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) لنڈا مارکیٹ میں تجاوزات کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا، کاروائی کیلئے کسی بھی ادارہ کے افسران حرکت میں نہ آئے۔ اوورہیڈ بریج کے نیچے مارکیٹ میں لنڈا کے مال والوں نے اڈے لگا رکھے ہیں جو تجاوزات بڑھا کر اپنے اڈے ریلوے لائنوں تک لے گئے ہیں سلسلہ یہیں نہیں رکابلکہ برساتی نالہ کے سامنے بھرتی ڈال کر وہاں بھی اڈے بنانا شروع کردیئے گئے ہیں۔
برساتی نالہ کے سامنے رکاوٹ سے بارش کے سیزن میں بڑے نقصان کا خدشہ ہے۔ شہریوں کی طرف سے بار بار نشاندہیوں کے باوجود نہ تو مقامی سول انتظامیہ تجاوزات مافیا کیخلاف کوئی کاروائی کررہی ہے نا ہی ریلوے افسران تجاوزات مافیا کیخلاف حرکت میں آئے ہیں۔
شہریوں کے مطابق عارضی اڈے بنانے والے بعد میں پختہ دکانیں تعمیر کر کے غیرقانونی قبضے کرلیتے ہیں۔ عوامی،سماجی حلقوں نے لنڈا مارکیٹ میں ہونے والی تجاوزات کا سخت نوٹس لینے اور غفلت کے مرتکب افسران کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔