اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں ملکی سلامتی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں کے بے مثال عزم سے ملک کو دہشتگردی سے پاک کیا جائے گا۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں سیکورٹی کی صورتحال، آپریشن ضرب عضب کی پیشرفت پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خاتمے کی مربوط اور جامع کوششوں اور نیکٹا کے کردار کو مزید موثر اور معنی خیز بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ آرمی چیف نے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری کی تازہ ترین صورتحال اور واہگہ بارڈر پر حملے کے بعد ملک کے حساس مقامات کی سیکورٹی کے حوالے سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے مسلح افواج کے تاریخی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں کے بے مثال عزم سے وطن عزیز کو دہشتگردی اور انتہا پسندی سے پاک کر دیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام نے الوداعی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ بطور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام کی ملک و قوم کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام سات نومبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔