عمران خان کا دھاندلی کا نعرہ جھوٹا ثابت ہو چکا، پرویز رشید

Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پہلے الزام لگاتے ہیں، پھر معافیاں مانگتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان امیر جماعت اسلامی کے پاس معافی مانگنے گئے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اب کوئی اور بہانہ تلاش کریں کیونکہ دھاندلی کا نعرہ اب جھوٹا ثابت ہو چکا ہے۔

بدزبانی کے سوائے عمران خان صاحب کے پاس دینے کیلئے اور کچھ نہیں بچا ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ خان صاحب استعفوں سے پہلے اپنے ارکان اسمبلی سے معلوم کریں۔ استعفیٰ دینے والے دے کر چلے گئے ہیں۔ دوسری جانب وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا نظریہ صرف بہتان تراشی ہے۔ دھاندلی کے ذمہ داران اور بہتان تراشی کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے۔ عمران خان کو عدلیہ پر اعتماد ہے تو عدالت میں ہمارے خلاف دھاندلی کے ثبوت کیوں نہییں دیتے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہٹ دھرمی قومی ترقی کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ عمران خان کی سیاست پاکستان کے دشمنوں کے عزائم کی تکمیل کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی انصاف کے نام پر قوم سے مسلسل ناانصافی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اگر مذاکرات چاہتی ہے تو سازگار ماحول پیدا کرے۔ گردن پر تلوار رکھ کر مذاکرات نہیں کئے جا سکتے۔