ننکانہ صاحب (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے 84 دنوں سے جو تحریک شروع کر رکھی ہے اس کے ثمرات اب آنا شروع ہو گئے ہیں کیونکہ قوم جاگ اٹھی ہے اور اسے اپنے حقوق کا ادراک ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف پنجاب اعجاز چوہدری نے ننکا نہ صاحب میں 12 نومبر کو ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک حقیقی جموریت کے لیے ہے پاکستان میں جموریت اس وقت آئے گی جب انتخابات کا عمل صاف و شفاف ہو گا۔ 2013 میں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہم نے 14 ماہ تک انصاف کا ہر دروازہ کھٹکٹایا، اس لئے ہم اپنے حقوق کے حصول کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں۔
اسلام آباد میں ہونے والا 30 نومبر کا اجتماع حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ننکانہ صاحب میں ہونے والے جلسہ کی تمام تر ذمہ داری ضلعی حکومت پر ہے۔