ایف آئی اے نے جعلی شناختی کارڈ بنوانے والا بھارتی باشندہ گرفتار کر لیا

FIA

FIA

کراچی (جیوڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عبوری ضمانت کی منسوخی کے بعد بھارتی باشندے کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی، ملزم کو ملیر کورٹ سے باہر نکلتے ہی گرفتار کر لیا گیا، ملزم بھارتی پاسپورٹ پر لاہور آکر روپوش ہوا اور کراچی میں رہائش اختیار کرلی تھی۔

ایف آئی اے نے فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کردی تھی، ملزم نے ملیر نادرہ آفس سے نام تبدیل کر کے قومی شناختی کارڈ بھی حاصل کرلیا ، تفصیلات کے مطابق بدھ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر فاروق علی چنا نے جعلسازی دھوکا دہی اور فارن ایکٹ کے الزام میں ملوث بھارتی شہری عالم میاں کی عبوری ضمانت منسوخ کردی ملزم نے ضمانت کی منسوخی کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی۔

ایف آئی اے نے ملیر کورٹ کا گیٹ بند کراکر فرار کی کوشش ناکام بناکر ملزم کو گرفتار کر لیا،استغاثہ کے مطابق ملزم واہگہ بارڈر کے راستے بھارت سے لاہور بھارتی پاسپورٹ پر آیا تھا ویزا ختم ہونے پر پر اسے تلاش کیا گیا تو وہ فرار ہوکر کراچی کے علاقے ملیر میں رہنے لگا اور ملیر کے نادرہ دفتر کے عملے سے ساز باز کے بعد ملزم نے نام تبدیل کرکے قومی شناختی کارڈ بھی حاصل کرلیا۔

ایف آئی اے کی مسلسل تلاش پر اس نے خود کو بچانے اور قانونی طور پر پاکستانی شہری بننے کیلیے عدالت سے رجوع کیا اور عبوری ضمانت قبل از گرفتاری دائر کی جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ وہ پاکستانی شہری ہے اور قومی شناختی ہونے کے باوجود ایف آئی اے اسے فارن ایکٹ کے الزام میں گرفتار کرنا چاہتی ہے۔

فاضل عدالت نے ملزم کے دستاویزات کی تصدیق کیلیے ایف آئی اے کو طلب کیا، بدھ کو ایف آئی اے نے تمام جعلی ریکارڈ اور ملزم کی انڈین پاسپورٹ پر بھارت سے لاہور آمد کے ثبوت عدالت میں پیش کیے، فاضل عدالت نے دستاویزات کی تصدیق کے بعد اس کی عبوری ضمانت منسوخ کردی۔