افغانستان میں سیکیورٹی فورسز کا کلین اپ آپریشن، 28 طالبان ہلاک، 47 زخمی

Security Forces

Security Forces

کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں سیکیورٹی فورسز نے کلین اپ آپریشن کے دوران 28 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک اور 47 کو زخمی کر دیا۔ افغان وزارت داخلہ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے۔

کہ افغان فورسز نے زابل، قندھار، لغمان، ارزگان، بلخ، ننگرہار، خوست اور پکتیا صوبوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کلین اپ آپریشن میں 28 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کردیا جبکہ 47 زخمی بھی ہوئے۔

سیکیورٹی فورسز نے سڑک کے کنارے نصب 23 بموں اور بارودی سرنگوں کو بھی ناکارہ بنایا، ادھر صوبے لوگر، غزنی اور واردک سمیت مختلف علاقوں میں متعدد پولیس افسروں نے تنخواہیں نہ ملنے کی صورت میں وفاقی حکومت کو طالبان میں شامل ہونے کی دھمکی دے دی جبکہ پولیس کی جانب سے ہتھیار طالبان کو بیچنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

افغان وزارت داخلہ نے تمام ایسی اطلاعات کی تردید کی ہے، دوسری طرف افغان صدارتی محل سے جاری بیان میں صدر اشرف غنی کے ترجمان نظیف اللہ سالار زئی نے کہا ہے کہ قومی اتحاد کی حکومت کی نئی کابینہ کا اعلان اگلے 10 روز میں کردیا جائے گا، واضح رہے کہ صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے ایک قومی متحدہ حکومت قائم کرنے پر اتفاق کے بعد 29 ستمبر کو حلف اٹھایا تھا۔