اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں وزارت پانی و بجلی، ریلوے اور دیگر محکموں کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں جاری اجلاس کے دوران وزارت منصوبہ بندی کی کارکردگی سے متعلق کابینہ کو بریفنگ دی گئی جبکہ وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف نے کابینہ کو اوور بلنگ کے معاملے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اووربلنگ کے معاملے سے نمٹنے کے لئے جامع میکنزم بنا رہے ہیں اور اس میں جہاں خرابی ہوئی اس کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے استفسار کیا کہ اب تک کیا ایکشن لیا گیا جس پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ متاثرہ صارفین کو ریلیف دینے کے اقدماات شروع ہوگئے ہیں اور کابینہ کے فیصلے کے مطابق صارفین کی شکایات کا ہرصورت ازالہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے وزیر پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ اووربلنگ کے معاملے میں ملوث عناصر کی بھی نشاندہی ہونی چاہیے اور صارفین کے حقوق کا تحفظ،شکایات کا ازالہ ہرصورت یقینی بنایا جائے۔