اکتوبر میں مہنگائی 17 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی

Inflation

Inflation

کراچی (جیوڈیسک) مہنگائی کے مارے عوام کے لیے اکتوبر کا مہینہ نسبتاً بہتر رہا، اکتوبر میں کنزیومر پرائس انڈیکس 5.82 فیصد زائد رہا جو گزشتہ 17 ماہ میں سی پی آئی میں اضافے کی کم ترین شرح قرار پائی ہے، ستمبر کے مہینے میں سی پی آئی میں 7.68 فیصد جبکہ اکتوبر 2013 میں 9.08 فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

مہنگائی کے سرکاری اعداد و شمار میں بہتری کی وجہ ایندھن اور خوردنی اشیا کی قیمت میں کمی قرار دی جارہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ (جولائی تااکتوبر) کے دوران سی پی آئی کی اوسط شرح 7.09 فیصد رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں اوسط 8.32 فیصد ماہانہ رہی تھی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں حالیہ کمی کے بعد افراط زر کا دبائو بھی کم رہنے کی توقع ہے۔ حکومت نے رواں مالی سال افراط زر کے لیے 8 فیصد کا ہدف رکھا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ افراط زر کی شرح 7.8 فیصد یعنی حکومتی ہدف سے بھی کم رہے گی۔