کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے کہا ہے کہ ضلع کورنگی کی حدود میں قائم فیملی پارکوں اور پلے گرائونڈز کو صحت مند تفریحی سرگرمیوں کا مرکز بنا یا جائے گا ،پارکس ڈیپارٹمنٹ بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ فیملی پارکوں ،کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹس کو سرسبز بنا نے کے ساتھ اس پر تفریحی سہولیات میں اضافے کو یقینی بنا یا جائے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے میونسپل کمشنر مسرور میمن اور ڈائریکٹر پارکس بلدیہ کورنگی ندیم شیخ کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے مختلف فیملی پارکوں کا تفصیلی دورہ کر کے پارکوں میں عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز اور انفارمیشن آفیسر محمد ارشد بھی موجود تھے۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے کہاکہ بلدیہ کورنگی اپنی عوام کو جہاں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے علاقائی ترقی اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے وہیں نوجوانوں اور بزرگوں کو صحت مند تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لئے ضلع کورنگی میں قائم فیملی پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو مسائل سے پاک سرسبز بنا یا جائیگا۔اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور احمد میمن نے محکمہ پارکس بلدیہ کورنگی کو ہدایت کی کہ تمام زونز میں سرسبز ماحول کے قیام کے ساتھ فیملی پارکوں میں صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ بچوں ،نوجوانوں اور بزرگوں کے لئے تفریحی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ فیملی پارکوں میں صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے لئے فیملی پارکوں میں شام کی اوقات میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے روزانہ کی بنیاد پر انجام دیا جائے۔
فیملی پارکوں کے دورے کے موقع پر ڈائریکٹر پارکس بلدیہ کورنگی ندیم شیخ نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کو ضلع کورنگی کی حدود میں فیملی پارکوں ،کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بہت جلد ضلع کورنگی کے تمام فیملی پارکوں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا کر عوام کو صحت مند تفریحی ماحول کو یقینی بنا دیا جائے گا۔