فیصل آباد (جیوڈیسک) غلام محمد آباد کے علاقے چوڑ ماجرہ کلیم شہید کالونی اور صدیق آباد کے رہائشی گیس کی بندش پر سراپا احتجاج بن کر سٹرکوں پر آ گئے۔ ہاتھوں میں برتن اٹھا کر مظاہرہ کرنے والی خواتین نے نڑوالا روڈ بلاک کر دیا۔
مظاہرے میں بچے بھی شریک تھے۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس کی بندش کو ایک ہفتے سے زائد ہو گیا ہے۔ حکام سے کئی بار رابطہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس نہ ملنے پر لکڑیاں جلا کر کھانا تیار کرنا بھی آسان نہیں کیونکہ لکڑیاں بھی بہت مہنگی ہیں۔
مظاہرین سے مذاکرات کے لئے گیس حکام تو نہ آئے لیکن پولیس نے وہاں پہنچ کر اپنا فرض نبھایا اور مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔