لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے گلو بٹ کی سزا کے خلاف اپیل پر دائر اعتراض ختم کر دیا ، لاہور ہائیکورٹ کا ڈویژن بنچ گلو بٹ کی اپیل کی سماعت کرے گا۔
سانحہ ماڈل ٹاون کے اہم کردار گلو بٹ نے اپنی گیار سال تین ماہ اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی تاہم رجسٹرار آفس نے وکالت نامے پر گلو بٹ کے دستخط نہ ہونے کا اعتراض عائد کرتے ہوئے اپیل واپس کر دی تھی۔
گلو بٹ کے وکیل نے جیل میں موجود گلو بٹ سے وکالت نامے پر دستخط کرانے کے بعد اپیل دوبارہ دائر کی جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراض ختم کر دیا۔اعتراض کے خاتمے کے بعد لاہور ہائیکورٹ کا دو رکنی بنچ گلو بٹ کی اپیل کی سماعت کرے گا۔
گلو بٹ نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ پولیس کی مدعیت میں درج کئے گئے مقدمے میں اصل ملزمان کو بچایا گیا جبکہ پولیس اہلکاروں کی شہادتوں پر ہی اسے سزا سنائی گئی جو کہ انصاف کے بنیادی تقاضوں کے خلاف ہے۔
اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔