ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کے باوجود گیس مافیا شہریوں کو لوٹنے میں مصروف

LPG Prices

LPG Prices

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کے باوجود گیس مافیا شہریوں کو لوٹنے میں مصروف، شہریوں کا انتظامی افسران سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کیمطابق ایل پی جی کی قیمتوں میں چند روز میں واضح کمی کا اعلان کیا گیا ہے مگر شہر کے قریبی علاقوں ویروکی، دھونکل، کوٹ حضری، قدرت آباد اور دیگر دور دراز کے دیہاتوں میں گیس سلنڈر فروخت کرنے والے پرانے ریٹوں پرگیس فروخت کر رہے ہیں۔

شہر میں 11 کلو گرام کا جو سلنڈر 1750 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے دیہاتی علاقوں میں وہی سلنڈر 2000 روپے اور اس سے بھی زائد فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ بعض مقامات پر سلنڈر کا وزن کم ہونے کی بھی شکایات ہیں۔دوسری جانب آبادیوں میں موجود گیس مافیا شہریوں کی جانوں کیلئے بھی ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے غیرقانونی اور غیر محفوظ طریقہ سے گیس ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈر میں منتقل کی جاتی ہے جو کسی بھی وقت کسی بڑی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔

عوامی، سماجی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رائو سہیل اختر، ڈی سی او گوجرانوالہ اور دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ شہروں کیساتھ ساتھ دیہاتوں میں ہونے والی لوٹ مار اور غیر قانونی گیس ایجنسیوں کا سختی سے نوٹس لیکر شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جائے۔