پی پی پنجاب کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس،2 قراردادیں منظور

Executive Committee

Executive Committee

لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی پنجاب کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز میاں منظور احمد وٹو کی صدارت میں ہوا جسمیں دو قراردادیں منظور کی گئیں جن میں واہگہ بارڈر پر دہشتگردی اور قصور میں مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کے واقعہ کی مذمت کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستانی قوم کے عزم کے سامنے دہشتگرد شکست فاش سے بچ نہیں سکیں گے۔

پیپلز پارٹی نے دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ پارٹی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ قرارداد میں گھرکی ہسپتال کی طرف سے سانحہ واہگہ بارڈر کے زخمیوں کو بروقت اعلیٰ طبی سہولتیں فراہم کرنے کو بھی سراہا گیا۔ دوسرے ہسپتالوں کی خدمات کا بھی اعتراف کیا گیا۔ دوسری قرارداد میں قصور کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس سے تمام پاکستانیوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں ،اقلیتوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔

اجلاس میں 30 نومبر کو یوم تاسیس کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور احمد وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی مڈٹرم انتخابات لڑنے کے لیے تیار ہے۔ اجلاس میں تنویر اشرف کائرہ، ثمینہ خالد گھرکی، راجہ ریاض، مشتاق اعوان اور دیگر شامل تھے۔