کراچی (جیوڈیسک) مظاہرین کے پتھراؤ سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، ٹائر نذر آتش جمشید کوارٹر میں پانی کی عدم فراہمی اور بجلی کی طویل بندش پر علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے، مظاہرین نے جہانگیر روڈ پر پتھراؤ اور ٹائر نذر آتش کر کے ٹریفک معطل کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر کے علاقے مارٹن کوارٹر اور اطراف کے دیگر علاقوں میں پانی کے شدید بحران اور بجلی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں کے صبر کا پیمانہ جمعہ کو لبریز ہو گیا اور شہریوں کی بڑی تعداد ڈنڈے و پتھر اٹھا ئے جہانگیر روڈ پر پہنچ گئی، جہاں پر مشتعل افراد نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کے ساتھ ٹائر بھی نذر آتش کئے جبکہ متعدد گاڑیوں پر پتھراؤکر کے شیشے توڑ دیے۔
دوسری جانب احتجاج کے باعث جہانگیر روڈ پر ٹریفک معطل اور اطراف کی تمام سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا، احتجاج اور ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ایک گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد مظاہرین کو منتشر کر کے سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا۔