حیدرآباد (جیوڈیسک) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں اپنے طرز حکومت سے نااہلی کی تاریخ رقم کر دی ہے، تھر میں لاکھوں افراد بے یارو مددگار حکومتی امداد کے منتظر ہیں لیکن پی پی کے وزرا اور مشیر قحط زدگان کی مدد کرنے کے بجائے کرپشن کے ذریعے اپنا بینک بیلنس اور جائیدادیں بنانے میں مصروف ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں قومی عوامی تحریک تھر پارکر کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا
ان کا کہنا تھا کہ تھر میں قحط اور معصوم بچوں کی اموات کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے، قدرتی وسائل سے مالا مال دھرتی کے مالکان بھوک اور افلاس سے تڑپ رہے ہیں، قحط کی صورتحال انتہائی سنگین بن چکی ہے لیکن پی پی کی سرکار خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بھوک و افلاس کے شکار ہزاروں افراد نقل مکانی کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کی سرکارنہ تھرپارکر میں قحط سے نمٹ سکتی ہے اور نہ ہی امن وامان قائم کر سکتی ہے،انہوں نے عوام اور ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل گھڑی میں تھر پارکر کے عوام کے دست و بازو بنیں۔