جوہانسبرگ (جیوڈیسک) شیر کو جنگل کا بادشاہ اس لئے کہا جاتا ہے کہ یہ با آسانی بڑے سے بڑے جانور کا شکار کرلیتا ہے لیکن اب تو اس کی کرسی چھنتی نظر آرہی ہے۔
افریقا کے ایک پارک میں رہنے والے 17 شیروں پر مشتمل اس جھنڈ نے رات کی تاریکی میں ایک کانٹے دار چوہے کو دیکھا تو اسے اپنا شکار بنانے کا ارادہ کیا، بظاہر تر نوالہ نظر آنے والا چھوٹا سا یہ سیہہ نامی جانور جنگل کے سترہ بادشاہوں کے سامنے ڈٹ گیا۔
جس پر شیروں کے جھنڈ نے بھی شکار کا ارادہ ترک کرتے ہوئے واپسی میں ہی عافیت جانی اور بوجھل قدموں کے ساتھ واپس لوٹ گئے۔جنگل کے بادشاہوں کی ناکامی پر مبنی یہ ویڈیو ان دنوں انٹرنیٹ پر لاکھوں افراد کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔