عبدالرشید غازی قتل کیس، مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد

Musharraf

Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی سیشن عدالت نے لال مسجد کے سابق نائب خطیب عبدالرشید غازی کے قتل کے مقدمہ میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 6 دسمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت کی۔ پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ ایڈووکیٹ نے بیماری اور سیکورٹی خدشات کی بنا پر ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی۔ان کا کہنا تھا۔

کہ عدالت آمد پر سیکورٹی انتظامات سے متعلق آئی جی اسلام آباد کو خط لکھا گیا تھا جس کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔مدعی کے وکیل ملک عبدالحق نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود پرویز مشرف پیش نہیں ہو رہے۔

ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو حکم دیا کہ اگر پرویز مشرف نے سیکیورٹی کے لیے کوئی درخواست دی ہے تو اس کا جواب دے کر عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ مقدمے کی مزید سماعت 6 دسمبر کو ہو گی۔