لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب

Mazar Allama Mohammad Iqbal

Mazar Allama Mohammad Iqbal

لاہور (جیوڈیسک) شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 137 واں یوم ولادت قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، اس موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے مزار پر پاک بحریہ کے دستوں نے پاکستان رینجرز کی جگہ اعزازی گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ایس ایم شہزاد تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اُنہوں نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پاک نیوی کے چاق و چوبند دستے کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر قومی ترانے کی دھن بجا کر شاعر مشرق کو سلامی دی گئی۔

کموڈور ایس ایم شہزاد نے پاک بحریہ کی جانب سے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس کے بعد انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، تقریب میں عسکری حکام، طلبا اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔