غزہ سٹی (جیوڈیسک) یورپی یونین کی خارجہ امور کی نئی خاتون سربراہ فیدیریکا موگیرینی نے ہفتے کے روز غزہ کے دورے کے دوران خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا جبکہ گزشتہ روز ہی شمالی اسرائیل میں پولیس نے ایک عرب نوجوان کو گولی مار دی۔
حال ہی میں اپنا عہدہ سنبھالنے والی فیدیریکا موگیرینی جمعے کو اپنے پہلے دورے پر مشرق وسطیٰ پہنچی تھیں، انھوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی ایک خود مختار ریاست جلد از جلد قائم ہونی چاہیے۔
اس لیے کہ دنیا غزہ پٹی کے علاقے میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین کسی نئی جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتی، اسی دوران ہفتے کے روز شمالی اسرائیل میں پولیس نے ایک ایسے عرب نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جس نے مبینہ طور پر ایک مقامی پولیس افسر پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
یہ واقعہ الناصرہ کے نواح میں واقع ایک گاؤں کفر کانا میں پیش آیا، اس عرب نوجوان کی ہلاکت کے فوری بعد وہاں بدامنی پھیل گئی اور مشتعل نوجوانوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور ٹائروں کو آگ لگا دی۔