تھرکے عوام کی امداد میں کوتاہی نہیں برتی، قائم علی شاہ

Qaim Ali Shah

Qaim Ali Shah

بدین (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاہے کہ تھر کی صورتحال پر تنقید کرنے والوں کو تھر کی اسپیل بھی نہیں آتی، ہم نے تھر کے عوام کی امداد میں کوئی کوتاہی نہیں برتی۔

اتوار کو بدین کے علاقے ٹنڈو باگومیں میر غلام محمد خان بہادر گورنمنٹ ہائی اسکول میں ایرانی حکومت کے تعاون سے بنائے گئے 2 بلاکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ متاثرین قحط کی امداد میں کوئی کوتاہی نہیں کی گئی اور متاثرین کی ہرممکن مدد کی جا رہی ہے۔

مخالفین صرف تنقید کر رہے ہیں جنھوں نے تھرمیں اب تک اپنی کوئی بھی کارکردگی نہیں دکھائی، وہ تھرکی اسپیلنگ سے بھی ناواقف ہیں۔ انھوں نے میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تھر میں پیپلز پارٹی نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں میڈیا کو وہ نظر نہیں آتے، بس میڈیا حکومت پر تنقید ہی کرتا رہتا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مرکزی حکومت کے زیرانتظام روڈ کی حالت بھی دیکھ لیں کراچی سے حیدرآباد تک اگر کوئی بس میں سفر کرے تواسے کمر میں مالش کرنے کی ضرورت پڑجاتی ہے۔ جبکہ ہم نے 10 ارب روپے کی لاگت سے بدین سے اسلام کوٹ تک روڈ تعمیر کیا ہے جو کسی موٹروے سے کم نہیں، ہم نے تھر میں پینے کے صاف پانی، اشیائے خورونوش سمیت تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتیں بھی فراہم کی ہیں۔

انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ایران کے ساتھ تاریخی معاہدے کر کے بہت سے منصوبے شروع کیے ہیں، دوست ملک ایران نے عالمی پریشر اور پابندیوں کے باجود بھی پاکستان کے ہر دکھ سکھ میں ساتھ دیا ہے۔

جس کی مثال بدین جیسے پسماندہ ضلع میں ایران حکومت کے تعاون سے2 ملین امریکی ڈالرز کی لاگت سے سعدی ایجوکیشنل کمپلیکس اور نندو شہر میں جدید سہولتوں سے آراستہ اسپتال کاقیام ہے۔ تقریب سے ایرانی قونصل جنرل مہدی سبحانی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔