قائمہ کمیٹی میں پارلیمنٹ میں خواتین کی نشستوں میں اضافے کی تجویز منظور

Parliament

Parliament

اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی نے خواتین کے لئے عمومی نشستوں کا کم از کم 10 فیصد اور جنرل کونسلز میں 33 فیصد کوٹا مختص کرنے کی تجویز دی ہے جو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے متفقہ طور پر منظور کرلی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کااجلاس چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی میاں عبدالمنان کی صدارت ہوا۔ اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور عذرا فضل پیچوہو نے پارلیمنٹ میں خواتین کی مخصوص نشستوں میں 10 فیصد اضافے اور بلدیاتی نظام میں خواتین کی جنرل نشستوں میں کواتین کا کوٹہ 33 فیصد کرنے سے متعلق بل پیش کیا گیا۔

بل میں تمام سیاسی جماعتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ عمومی نشستوں کے لئے کم از کم 10 فیصد خواتین امیدواروں کا انتخاب کریں جبکہ پارٹی کی منتخب جنرل کونسل کے لئے 33 فیصد کوٹا رکھیں۔ اسی پیمانے کو نہ صرف پارٹی کی ذیلی کمیٹیوں بلکہ قومی، صوبائی اور مقامی سطح کی تنظیم پر متعارف کرایا جائے، حکومتی ارکان کی جانب سے بل کی مخالفت نہیں کی گئی اور بل متفقہ طورپر منظورکر لیا گیا۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ بل پارلیمان سے منظور ہونے کے بعد وہ خواتین کی نمائندگی کے حوالے سے اس میں مزید ترامیم کریں گی۔ اس وقت پارلیمان میں خواتین کی نمائندگی گزشتہ سیٹ اپ کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین ارکان اسمبلی کی کارکردگی اطمینان بخش رہی ہے اور انھوںنے خود کو فعال، عقل مند اور قانون سازی کے عمل ودیگر پارلیمانی سرگرمیوں کا اہل ثابت کیا ہے۔